لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کر لی۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس چودھری عبدالعزیز پر مشتمل بنچ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست گزار حمزہ شہباز نے موقف اپنایا کہ نیب نے بد نیتی کی بنیاد پر رمضان شوگر ملز میں تحقیقات کا آغاز کیا، نیب نے رمضان شوگر ملز کے معاملے پر متعدد بار انکوائری کی مگر کچھ بھی نہیں ملا، تحصیل بھوانہ میں نالہ عوامی مفاد میں بنایا گیا تھا، صوبائی کابینہ اور صوبائی اسمبلی نے سیورج نالے کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔

درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کیخلاف کوئی واضح ثبوت موجود نہیں ہیں، رمضان شوگر ملز میں شریک ملزم شہباز شریف کو پہلے ہی ضمانت پر رہا کیا جا چکا ہے، رمضان شوگر ملز ریفرنس میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، حمزہ شہباز صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہے اور گرفتاری سے ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ حمزہ شہباز کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

Source dunyanews
You might also like